اس دنیائے آب و گل میں کوئی دوشئے ایسی نہیں ہیں، جن کی نوعیت، ماہیت اور ساخت الگ ہونے کے ساتھ ساتھ دونوں میں مزید کوئی فرق نہ ہو، اگر بادی النظر میں فرق نظر نہ بھی آ رہا ہو تو دقیقہ سنجی، نکتہ شناسی اور باریک بینی سے کام لینےوالوں پر ایک نہیں انیک فرق نظروں کے سامنے ہوتے ہیں۔ ان کو پھر عقل کے ترازو میں تولنے سے کسی ایک کے لیے امتیازی شان کا حصول ہوتا ہے، جو اس کو دوسرے سے ممتاز کر دیتا ہے۔ اسی طرح شمارہ نمبر اور ایک مستقل کتاب کے درمیان ہے کہ دونوں میں کچھ فرق بھی ہیں اور امتیاز بھی، جس کی وجہ سے ایک کو دوسرے سے ممتاز قرار دیا جاتا ہے ۔ یہ ممتاز ہونا ایک جہت سے ہوتا ہے، ہو سکتا ہے دوسری جہت سے دیکھنے پر دوسرا والا امتیازی حیثیت کا حامل ہو جائے۔
ذیل میں اس فرق و امتیاز کو ایک مستقل کتاب اور شمارہ نمبر کے درمیان ملاحظہ کیا جا سکتا ہے :
(۱) ایک مستقل کتاب اپنے تسلسل کی کڑی سے جڑی نہیں ہوتی ہے بلکہ بسا اوقات بعض کتابیں تو دوبارہ شائع تک نہیں ہوتی ہیں، جبکہ شمارہ نمبر اپنے تسلسل کو برقرار رکھتا ہے اور سلسلہ وار ہوتا ہے ۔
اس لحاظ سے شمارہ نمبر کو ایک مستقل کتاب پر فوقیت حاصل ہوتی ہے، جس کی طرف اشارہ اس حدیث میں بھی ملتا ہے’’إن أحب الأعمال إلی اللہ مادام، وإن قل‘‘(بخاری شریف)
بے شک اللہ کے نزدیک محبوب ترین عمل وہ ہے جو ہمیشہ ہو اگرچہ کم ہو ۔
سلسلہ وار ہونے کے چند فوائد بھی ہیں :
پہلا فائدہ یہ ہے کہ گزشتہ شمارہ کی غلطی آئندہ شمارے کے صفحات میں کم وقت میں اصلاح کا جامہ پہن لیتی ہے۔
دوسرا یہ کہ مضامین کو قسط وار بھی کیا جاتا ہے جو قارئین کے لئے فرحت و انبساط کا سبب بنتا ہے۔
اور تیسرا فائدہ یہ ہے کہ موجودہ حالات کے مطابق اداریہ اور دیگرمقالات دیکھنے کو ملتے ہیں اور پیش آنے والے مسائل کو اس میں موضوع تحریر بنایا جاتا ہے ۔
(۲) ایک مستقل کتاب ایک ہی مصنف کے رشحات قلم سے معرض وجود میں آتی ہے جبکہ شمارہ نمبر متعدد قلم کاروں کا شہ پارہ ہوا کرتا ہے۔ گویا پڑھنے والے جس طرح متعدد ہوتے ہیں ایسے ہی لکھنے والے بھی متعدد ہوا کرتے ہیں ۔ اس طرح تعدد کا دونوں طرف سے آنا شمارہ نمبر کے حسن میں اضافہ کا باعث بنتا ہے ۔
(۳)ایک مستقل کتاب کسی ایک خاص مضمون کے تحت ہوتی ہے اور اس مضمون کے مواد و عناصر سے لبریز ہوتی ہے جبکہ شمارہ نمبر مختلف مضامین اور متعدد افکار و نظریات کو شامل ہوتا ہے، جس کی وجہ سے وہ مسرت خیز ہوتا ہے ۔ گنتی کے چند صفحات میں معاشی، سماجی، سیاسی اور ثقافتی مسئلے اور ان کے حل دیکھنے کو ملتے ہیں ۔
(۴)ایک مستقل کتاب کی بحثیں کسی ایک مضمون پر مشتمل ہونے کی وجہ سے کافی طویل اور لمبی ہوتی ہیں ۔ یہ طوالت کبھی کبھی مطالعہ کے لیے نکالی ہوئی کتاب کا دوبارہ الماری تک پہنچنے کا سبب بن جاتی ہے ۔ جب کہ شمارہ نمبر میں لمبی بحثوں کا لب لباب اور اس کا نچوڑ دیکھنے کو ملتا ہے، تبھی تو مطالعہ کی میز پر ہر چند مہینے میں کسی نئے شمارہ کی جلوہ گری ہوتی ہے ۔
٭٭٭

0 Comments